حضرت ابراہیم کا صحیح نام

90

سوال

السلام علیکم جناب غامدی صاحب

ایک سوال ہے جس کا جواب مجھے کہیں سے نہیں مل رہا – امید ہے آپ کے پاس سے مل جائے گا-

حضرت ابراہیم کو ان کے والد یا اس وقت کے لوگ ‘ابراہیم ‘ (Ibrahim)بلاتے تھے یا ‘ابراہام’ (Abraham)؟ اور ابراہیم سے ابراہام ہونے کی وجہ کیا ہو سکتی ہے؟آپ کے جواب کا منتظر رہوں گا –

جواب

و علیکم السلام

آپ کے پہلے سوال کے بارے میں عرض ہے کہ اس کا جواب صرف قدیم صحائف کی روشنی میں دیا جا سکتا ہے کیوں کہ قرآن مجید میں اس کا کوئی ذکر نہیں- بائبل کی کتاب پیدائش کے مطابق ان کا نام پہلے ‘ابرام’ (Abram) تھا- ظاہر ہے کہ یہ نام ان کے اپنے تمدن اور ان کی اپنی زبان کے لحاظ سے رکھا گیا ہوگا- جب الله تعالی نے ان کا انتخاب فرمایا تب ان کا نام تبدیل کر دیا اور ‘ابراھام’ (Abrahaam) رکھا-کتاب پیدائش باب 17 میں اس کا تذکرہ یوں کیا گیا ہے :


3 اُس کے فوراً بعد اَبرام نے خدا کو سجدہ کیا۔4 تب خدا نے اُس سے کہا ، “میں نے تجھ سے جو وعدہ کیا ہے وہ یہ ہے : تو بہت ساری قوموں کا باپ ہو گا۔5 تیرا نا م اَبرام کے بجائے ابراھام رکھتا ہوں۔ اب اِس کے بعد تجھے ابراھام ہی پُکا ریں گے۔ ا سلئے کہ اِس کے بعد کئی نسلوں کے لئے تیری حیثیت جدِّ اعلیٰ کی ہو گی۔6 میں تمہیں بہت ساری نسلیں دوں گا۔ قومیں تیری نسل سے ہوں گی اور بادشاہ تیری اولاد میں سے برپا ہوں گے ۔” (پیدائش باب 17 – آیات 3 تا6)

مذکورہ عبارت میں سیدنا ابراہیم علیہ السلام کے نام کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ کئی نسلوں کے لیے ان کی حیثیت جدِّ اعلیٰ کی ہوگی – اس بنیاد پر کئی اہل علم یہ رائے رکھتے ہیں کہ لفظ ‘ابراہیم ‘ یا ‘ابراھام ‘ کے معنی ‘ متعدد نسلوں کے باپ’ یا ‘متعدد اقوام کے باپ’ کے ہیں –

جہاں تک ‘ابراھیم’ اور ‘ابراھام’ میں فرق کا سوال ہے تو یہ محض تلفظ کا فرق ہے جو زبانوں کے درمیان واقع ہوا کرتا ہے- اس میں اول الذکر تلفظ عربی کا ہے اور ثانی الذکر تلفظ عبرانی کا ہے- یہ ایسے ہی ہے جیسے عربی میں ہم سلام (Salaam)کہتے ہیں اور عبرانی میں شلوم (Shalom) کہتے ہیں-

مجیب: Mushfiq Sultan

اشاعت اول: 2017-03-15

مشفق سلطان
WRITTEN BY

مشفق سلطان

مشفق سلطان ادارہ المورد میں بطور اسسٹنٹ فیلو خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور المورد کی سوالات کی سہولت کے نظم و نسق کے ذمہ دار ہیں۔ ادارے میں ان کی ذمہ داریوں میں علمی تحقیق، تصنیف و تالیف، اسلام کے مختلف پہلوؤں پر تعلیمی مواد کی تیاری اور المورد کو موصول ہونے والے سوالات کے جوابات تیار کرنا شامل ہیں۔ فی الوقت وہ جاوید احمد غامدی صاحب کی اہم تصانیف "میزان" اور "البیان" کا ہندی زبان میں ترجمہ کر رہے ہیں۔ مشفق صاحب مذاھب عالم، ان کے نظریات اور باہمی تعلقات میں خاص دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے اسلام، مسیحیت اور ہندومت کے حوالے سے متعدد علمی مقالات تحریر کیے ہیں۔ مشفق سلطان 2018 سے ادارہ المورد میں تدریس کے فرائض بھی سرانجام دے رہے ہیں۔

تعاون

ہمیں فالو کریں

تازہ ترین

ماہنامہ اشراق لاہور کا مطالعہ کریں

خبرنامہ کو سبسکرائب کریں

اپنا ای میل پر کریں اور بٹن کو دبائیں

By subscribing you agree with our terms and conditions

Loading