سوال
اہل حدیث حضرات کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بھی ہماری طرح عام انسان ہیں آپ مجھے بتائیں کہ وہ ہماری طرح عام کیسے ہو سکتے ہیں جب کہ اللہ نے نماز میں ان پر درود پڑ ھنے کا حکم دیا ہے اور بتایا ہے کہ وہ خود اور اس کے فرشتے بھی آپ پردرود پڑ ھتے ہیں ۔ آپ کو رحمۃ اللعالمین کہا گیا ہے اور معراج کے موقع پر آپ کو اللہ کا دیدار نصیب ہوا جو کسی اور نبی اورفرشتے کو نصیب نہیں ہوا۔ تو پھر آپ عام کیسے ہو سکتے ہیں ؟
جواب
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے نبی اور رسول ہیں ، آخری کتاب ، آخری شریعت اور آخری نبوت کے حامل ہیں۔قیامت تک دین وہی ہے جس کو آپ دین قرار دیں اور آپ کی لائی ہوئی ہدایت ہی اب قیامت تک ہدایت اور گمراہی کو جاننے کا واحد اور آخری ذریعہ ہے۔ لہٰذا یہ کیسے ممکن ہے کہ آپ کو عام ہستی کہا اور سمجھا جائے ۔آپ عام تو کیا خاص ہی نہیں ، بلکہ خاص الخاص ہستی ہیں۔ تاہم قرآنِ کریم نے اس بات کو بھی واضح کر دیا ہے کہ آپ ایک بشر اور اللہ تعالیٰ کے بندے ہیں جن کا خدائی صفات میں کوئی حصہ نہیں ہے۔ آپ کی ذات کے بیان کرنے کا غالباً سب سے موزوں پیرایہ یہ ہے کہ آپ کی ذات والا صفات ہدایت کا موضوع ہے ، عبادت کا نہیں۔ چنانچہ ہدایت کے اعتبار سے آپ خاص ترین ہستی ہیں ، لیکن عبادت کے پہلوسے یہ بات جان لینی چاہیے کہ بندگی صرف اللہ تعالیٰ ہی کی ہو سکتی ہے ۔
مجیب: Rehan Ahmed Yusufi
اشاعت اول: 2016-02-12