عالم برزخ سے دنیا میں واپس آنا

18

سوال

آپ نے میرے کتابچے ”کائنات کے پانچ راز” پر تنقید کرتے ہوئے یہ بیان کیا ہے کہ قرآن مجید کی واضح آیات کے مطابق موت کے بعد عالم برزخ سے کسی شخص کا دنیا میں واپس آنا ممکن نہیں ہے، لیکن درج ذیل آیات قرآن مجید کے بیان کردہ عمومی اصول میں موجود استثنا کو بیان کرتی ہیں اور یہ بتاتی ہیں کہ موت کے بعد عالم برزخ سے کسی شخص کا دنیا میں واپس آنا ممکن ہے، ارشاد باری ہے:

1- وَاِذْ قُلْتُمْ يٰمُوْسٰی لَنْ نُّؤْمِنَ لَكَ حَتّٰی نَرَی اللّهَ جَهْرَةً فَاَخَذَتْکُمُ الصّٰعِقَةُ وَاَنْتُمْ تَنْظُرُوْنَ. ثُمَّ بَعَثْنٰکُمْ مِّنْ بَعْدِ مَوْتِکُمْ لَعَلَّکُمْ تَشْکُرُوْنَ. (البقره ٢ : ٥٥- ٥٦)

2- اَلَمْ تَرَ اِلَی الَّذِيْنَ خَرَجُوْا مِنْ دِيَارِهِمْ وَهُمْ اُلُوْفٌ حَذَرَ الْمَوْتِ فَقَالَ لَهُمُ اللّٰهُ مُوْتُوْا ثُمَّ اَحْيَاهُمْ اِنَّ اللّٰهَ لَذُوْ فَضْلٍ عَلَی النَّاسِ وَلٰـکِنَّ اَکْثَرَ النَّاسِ لاَ يَشْکُرُوْنَ.(البقره ٢ : ٢٤٣)

3- اَوْ کَالَّذِیْ مَرَّ عَلٰی قَرْيَةٍ وَّهِیَ خَاوِيَةٌ عَلٰی عُرُوْشِهَا قَالَ اَنّٰی يُحْيي هٰذِهِ اللّٰهُ بَعْدَ مَوْتِهَا فَاَمَاتَهُ اللّٰهُ مِائَةَ عَامٍ ثُمَّ بَعَثَه، قَالَ کَمْ لَبِثْتَ قَالَ لَبِثْتُ يَوْمًا اَوْ بَعْضَ يَوْمٍ قَالَ بَلْ لَّبِثْتَ مِائَةَ.(البقره ٢ : ٢٥٩)

آپ برائے مہربانی اس معاملے میں اپنا نقطہ نظر واضح کریں۔

جواب

آپ نے برمودا مثلث سے متعلق اپنی تحقیق کی صحت پر اصرار کیا ہے اور یہ فرمایا ہے کہ جیسے قرآن مجید کی بعض آیات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ برزخ میں جانے والا کوئی شخص اس دنیا میں واپس نہیں آتا، اسی طرح بعض دوسری آیات سے یہ بات بھی ثابت ہوتی ہے کہ اس میں استثنا موجود ہے اور پھر اس استثنا کے ثبوت کے لیے آپ نے سورہ بقرہ کی بعض آیات پیش کی ہیں۔

ہمیں آپ کے اس سارے استدلال سے اختلاف ہے۔

چنانچہ ہم انسان کے عالم برزخ سے واپس نہ آنے سے متعلق آیات اور وہ آیات جو آپ کے خیال میں اس میں استثنا کو بیان کرتی ہیں، ان سب کو ایک ترتیب سے بیان کرتے اور پھر یہ دیکھتے ہیں کہ ان سے کیا حقیقت ہمارے سامنے آتی ہے۔ وما توفيقی الا باللّٰه.

عالم برزخ سے انسان کے واپس نہ آنے سے متعلق آیات درج ذیل ہیں:

حَتّٰۤی اِذَا جَآءَ اَحَدَهُمُ الْمَوْتُ قَالَ رَبِّ ارْجِعُوْنِ. لَعَلِّیْۤ اَعْمَلُ صَالِحًا فِيْمَا تَرَکْتُ کَلَّا اِنَّهَا کَلِمَةٌ هُوَ قَآئِلُهَا وَمِنْ وَّرَآئِهِمْ بَرْزَخٌ اِلٰی يَوْمِ يُبْعَثُوْنَ.(المؤمنون٢٣: ٩٩-١٠٠)

”یہاں تک کہ جب ان میں سے کسی کی موت سر پر آن کھڑی ہو گی تو وہ کہے گا کہ اے میرے رب، مجھے پھر واپس بھیج کہ جو کچھ چھوڑ آیا ہوں، اس میں کچھ نیکی کماؤں! ہرگز نہیں! یہ محض ایک بات ہے، جو وہ کہہ رہا ہے، اور ان کے آگے اُس دن تک کے لیے ایک پردہ ہو گا، جس دن وہ اٹھائے جائیں گے۔ ”

نیز ارشاد باری ہے:

وَلَنْ يُّؤَخِّرَ اللّٰهُ نَفْسًا اِذَا جَآءَ اَجَلُهَا وَاللّٰهُ خَبِيْرٌ بِمَا تَعْمَلُوْنَ. (المنافقون٦٣:١١)

”اور اللہ تعالیٰ ہرگز کسی جان کو ڈھیل دینے والا نہیں ہے، جبکہ اس (کے لیے اعمال کرنے) کی مقررہ مدت (اپنے اختتام کو )آ پہنچے۔”

ان آیات میں موجود درج ذیل الفاظ:

”جب ان میں سے کسی کی موت سر پر آن کھڑی ہو گی تو وہ کہے گا کہ اے رب، مجھے پھر واپس بھیج کہ جو کچھ چھوڑ آیا ہوں، اس میں کچھ نیکی کماؤں! ہرگز نہیں!”

اور :

”اللہ تعالیٰ ہرگز کسی جان کو ڈھیل دینے والا نہیں ہے، جبکہ اس (کے لیے اعمال کرنے) کی مقررہ مدت (اپنے اختتام کو )آ پہنچے۔ ”

یہ بتاتے ہیں کہ موت کے بعد اس دنیا میں انسان کی باقاعدہ واپسی کا کوئی امکان نہیں اور اس حوالے سے اللہ نے جو قانون بنایا ہے، اس میں کوئی استثنا نہیں ہے۔

لیکن آپ نے اپنے خط میں فرمایا ہے کہ بے شک ان آیات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ کوئی انسان عالم برزخ میں جا کر واپس نہیں آ سکتا، لیکن خود قرآن مجید ہی کی بعض آیات سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ اس میں استثنا موجود ہے اور کئی لوگوں کو موت دے کر، یعنی عالم برزخ میں لے جا کر دوبارہ اس دنیا میں واپس لایا گیا ہے اور ان میں سے ایک ہزار تو وہ ہیں جن سے ڈاکٹر ریمونڈ اے موڈی براہ راست مل چکے ہیں۔

بہرحال، اب ہم ان آیات کو دیکھتے ہیں ، جو آپ کے خیال میں مرنے کے بعد دوبارہ زندہ ہو کر اس دنیا میں نہ آنے کے اصول میں استثنا پیدا کر رہی ہیں۔ ارشاد باری ہے:

وَاِذْ قُلْتُمْ يٰمُوْسٰی لَنْ نُّؤْمِنَ لَكَ حَتّٰی نَرَی اللّٰهَ جَهْرَةً فَاَخَذَتْکُمُ الصّٰعِقةَ وَاَنْتُمْ تَنْظُرُوْنَ. ثُمَّ بَعَثْنٰکُمْ مِّنْ بَعْدِ مَوْتِکُمْ لَعَلَّکُمْ تَشْکُرُوْنَ. (البقره ٢ : ٥٥- ٥٦)

” اور یاد کرو جب تم نے کہا کہ اے موسیٰ، ہم تمھاری بات کا ہر گز یقین نہ کریں گے، جب تک ہم خدا کو سامنے نہ دیکھ لیں۔ پھر تم کو کڑک نے آ لیا اورتم دیکھتے رہ گئے ۔ پھر تمھاری اِس موت کے بعد ہم نے تمھیں اٹھا کھڑا کیا، اِس لیے کہ تم شکر گزار بن کر رہو۔ ”

ان آیات میں موجود زیر بحث مسئلے کی شرح جاوید احمد صاحب غامدی نے درج ذیل الفاظ میں کی ہے:

”… بنی اسرائیل کے مطالبے پر اللہ تعالیٰ کی تجلی ‘صاعقة’ کی صورت میں ظاہر ہوئی اور اس نے سارے پہاڑ میں ایسا زلزلہ ڈال دیا کہ وہ بالکل بدحواس ہو کر گر پڑے ۔

عربی زبان میں موت کا لفظ ، اگر قرینہ موجود ہو تو نیند اور بے ہوشی کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے ۔ یہاں جس موقع پر یہ لفظ آیا ہے اور جس طرح آیا ہے ،اس سے صاف واضح ہوتا ہے کہ یہ بے ہوشی ہی کے معنی میں ہے ۔بنی اسرائیل اگرچہ اپنی سرکشی کے باعث اس کے مستحق تو نہ تھے کہ اس موت سے پھر زندگی کی طرف لوٹتے ، لیکن سورہ اعراف (٧) کی آیت ١٥٥ سے معلوم ہوتا ہے کہ سیدنا موسیٰ علیہ السلام نے اس موقع پر اس دل سوزی سے ان کے لیے معافی کی درخواست کی کہ اللہ تعالیٰ نے اُسے قبول فرما لیا۔”(ماہنامہ اشراق، ستمبر ١٩٩٩،١٢-١٣)

بعض دوسرے مفسرین بنی اسرائیل کے ان افراد کی موت کو حقیقی معنوں میں لینے کی گنجایش مانتے ہیں، لیکن ان کی بھی یہ مراد ہر گز نہیں ہوتی کہ ان افراد پر جب یہ موت آئی تھی تو ان کے لیے عالم آخرت کے پردے اسی طرح اٹھا دیے گئے تھے، جیسا کہ کسی بھی مرنے والے کے لیے اٹھائے جاتے ہیں، یعنی وہ فرشتوں کو دیکھ لیتا اور عالم برزخ کے احوال مثلاً، علیین اور سجیین کا مشاہدہ کر لیتا ہے۔

دوسری آیت کو دیکھیں:

اَلَمْ تَرَ اِلَی الَّذِيْنَ خَرَجُوْا مِنْ دِيَارِهِمْ وَهُمْ اُلُوْفٌ حَذَرَ الْمَوْتِ فَقَالَ لَهُمُ اللّٰهُ مُوْتُوْا ثُمَّ اَحْيَاهُمْ اِنَّ اللّٰهَ لَذُوْ فَضْلٍ عَلَی النَّاسِ وَلٰـکِنَّ اَکْثَرَ النَّاسِ لاَ يَشْکُرُوْنَ.(البقره ٢ : ٢٤٣)

”کيا تم نے اُن لوگوں کو نہيں دےکھاجو ہزاروں کی تعداد ميں تھے اور موت کے ڈر سے اپنے گھر چھوڑکر اُن سے نکل کھڑے ہوئے ۔اِس پر اللہ نے فرمايا کہ مردے ہوکر جيو۔ (وہ برسوں اِسی حالت ميں رہے) پھر اللہ نے اُنھيں دوبارہ زندگی عطا فرمائی۔ اِس ميں شبہ نہيں کہ اللہ لوگوں پر بڑا فضل کرنے والا ہے ، مگر لوگوں ميں زيادہ ہيں جو (اُس کے) شکر گزار نہيں ہوتے۔”

ان آیات میں موجود زیر بحث مسئلے کی شرح جاوید احمد صاحب غامدی نے درج ذیل الفاظ میں کی ہے:

”اصل ميں لفظ ‘موتوا’ آيا ہے ، يعنی مر جاؤ۔ يہ قومی حيثيت سے ذلت اور نامرادی کی تعبير ہے۔ ذريت ابراہيم کے معاملے ميں اللہ کا قانون يہی تھا کہ ان کے جرائم کی سزا انھیں دنيا ہی ميں دی جائے گی ۔ چنانچہ جب ايمان اور عمل صالح کے بجاے انھوں نے اخلاقی بے راہ روی اور خوف و بز دلی کی زندگی اختيار کی اور اس طرح اللہ کے ساتھ نقض عہد کے مرتکب ہوئے تو اس کی سزا کے ـطور پر اللہ نے بھی انھيں ذلت و نامرادی کے حوالے کر ديا۔

سموئيل ميں ہے کہ بنی اسرائيل پر يہ حالت پورے بيس سال تک طاری رہی:

”اور جس دن سے صندوق قریت یعریم ميں رہا ، تب سے ايک مدت ہوگئی ، يعنی بيس برس گزرے اور اسرائيل کاساراگھرانا خداوندکے پيچھے نوحہ کرتا رہا ۔ ” (٧:٢)

يہ زندگی اسی قانون کے مطابق دی گئی جس کا ذکر اوپر ہوا ہے۔ بنی اسرائيل نے توبہ استغفار کرکے ازسرنو ايمان واسلام کی راہ اختيار کی تو اللہ تعالیٰ نے بھی اس کے صلے ميں انھيں قومی حيثيت سے از سر نو زندہ کرديا اور دشمنوں کے مقابلے ميں عزت اور سربلندی عطا فرمائی۔ ”

(ماہنامہ اشراق، مئی ٢٠٠٣،٦)

چنانچہ یہ زندگی اور موت قومی حیثیت سے ان کی زندگی اور موت تھی۔

بعض مفسرین نے اس موت کو حقیقی معنوں میں لیا ہے، لیکن انھوں نے اس پر کوئی بات نہیں کی کہ یہ لوگ عالم آخرت کے احوال (علیین اور سجیین) سے خبردار ہو چکے تھے اور پھر انھوں نے باقی زندگی ایمان بالغیب پر نہیں، بلکہ ایمان بالمشاہدہ پر گزاری تھی۔ اگر کسی کے لیے ایسا ہو جائے تو اس کے لیے خدا کی آزمایش کی ساری اسکیم ہی باطل ہو جاتی ہے۔

تیسری آیت کو دیکھیں:

اَوْ کَالَّذِیْ مَرَّ عَلٰی قَرْيَةٍ وَّهِیَ خَاوِيَةٌ عَلٰی عُرُوْشِهَا قَالَ اَنّٰی يُحْيي هٰذِهِ اللّٰهُ بَعْدَ مَوْتِهَا فَاَمَاتَهُ اللّٰهُ مِائَةَ عَامٍ ثُمَّ بَعَثَه، قَالَ کَمْ لَبِثْتَ قَالَ لَبِثْتُ يَوْمًا اَوْ بَعْضَ يَوْمٍ قَالَ بَلْ لَّبِثْتَ مِائَةَ.(البقره ٢ : ٢٥٩)

”یا اُس شخص کی مثال ہے جس کا گزر ایک بستی پر ہوا جو اپنی چھتوں پر گری پڑی تھی۔ اُس نے حیرت سے کہا : اِس طرح فنا ہو جانے کے بعد اللہ اِسے کس طرح دوبارہ زندہ کرے گا ؟ اِس پر اللہ نے اُسے سو سال کی موت دی، پھر اُٹھایا۔ (وہ اٹھا تو) پوچھا : کتنی مدت پڑے رہے؟ اُس نے جواب دیا : ایک دن یا اُس سے کچھ کم ۔فرمایا : نہیں ، بلکہ سو سال اِسی حالت میں گزر گئے ۔ ”

یہ ایک پیغمبر کا تجربہ ہے، لیکن اس میں بھی کہیں یہ ذکر نہیں کہ اس پیغمبر نے اس سو سالہ وفات کے دوران عالم آخرت کے مشاہدات کیے تھے، حالانکہ پیغمبر کو تو اس کی دنیوی زندگی ہی میں عالم آخرت سے متعلق بعض چیزوں کے مشاہدات کرائے جاتے ہیں۔ بہرحال، یہ آیات ان کے کسی اخروی مشاہدے کو بیان نہیں کرتیں۔

چنانچہ ہمیں اس بات پر اصرار ہے کہ قرآن مجید سے اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملتا کہ کوئی شخص مرنے کے بعد عالم آخرت کا مشاہدہ کرکے اس دنیا میں واپس آیا ہو اور اس نے عام آدمی کی طرح دنیا میں پھر سے زندگی بسر کی ہو۔

مجیب: Muhammad Rafi Mufti

اشاعت اول: 2015-06-30

تعاون

ہمیں فالو کریں

تازہ ترین

ماہنامہ اشراق لاہور کا مطالعہ کریں

خبرنامہ کو سبسکرائب کریں

اپنا ای میل پر کریں اور بٹن کو دبائیں

By subscribing you agree with our terms and conditions

Loading