کیا سنت پر عمل نہ کرنا گناہ ہے؟

21

سوال

سنت کیا ہے؟ کیا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے جو بھی بات کہی وہ سنت ہے؟ جو کام بھی کیا وہ سنت ہے؟ کیا سنت دین کا حصہ ہے؟ سنت کا کیا معنی ہے؟ کیا سنت پر عمل نہ کرنا گناہ ہے؟

برائے مہربانی تفصیلی وضاحت فرمائیں۔

جواب

جو سوال آپ نے کیا ہے کم و بیش اسی جیسے ایک سوال کے جواب میں وہ ساری باتیں آگئی ہیں ہیں جو آپ نے دریافت کی ہیں۔ہم نے اس سوال کے جواب میں جو لکھا تھا وہ آپ کی سہولت کے لیے نیچے نقل کیے دیتے ہیں۔

سنت عربی زبان کا ايک عام لفظ ہے جس کا لفظی مطلب راستہ يا طريقہ ہے۔اس لفظ کے وجود ميں آنے کاپس منظريہ ہے کہ ميدانوں ،جنگلوں وغيرہ سے لوگ ايک دوسرے کے نقش قدم پر جب مسلسل گزرتے ہيں تو ايک پامال اور مستقل راستہ وجود ميں آجاتا ہے۔يہ لفظ اسی راستے کے ليے بولا جاتا ہے ۔دينی علم ميں جب يہ اصطلاح استعمال کی جاتی ہے تو اس کا اطلاق رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم کے طريقے، اعمال اور عادات پر کيا جاتا ہے۔ اہل علم سنت کی ايک تقسيم سنن ہدیٰ اور سنن زوائد کے اعتبار سے کرتے ہيں۔ ان کے نزديک سنن ہدیٰ وہ مشروع امور ہيں جن کو رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم نے شارع کی حيثيت سے جاری فرمايا ہے ۔ خواہ ان کا حکم وجوب کے درجے ميں ہو استحباب کے درجے ميں۔جبکہ سنن زوائد وہ امور ہيں جنہيں حضور نے اپنے زمانے اور حالات کے پس منظر ميں اختيار فرمايا۔ ان ميں حضور کا لباس،آپ کی وضع قطع اور رہن سہن وغيره شامل ہيں۔ کچھ اہل علم احاديث يعنی اخباراحاد کو بھی سنت ميں شامل کرتے ہيں۔

استاذ گرامی جناب جاويد احمد غامدی صاحب نے سنت کی تعريف اس طرح کی ہے :

”سنت سے ہماری مراددین ابراہیمی کی وہ روایت ہے جسے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی تجدیدواصلاح کے بعداوراس میں بعض اضافوں کے ساتھ اپنے ماننے والوںمیں دین کی حیثیت سے جاری فرمایاہے۔”،(ميزان:14)

يہ الفاظ کے فرق کے ساتھ وہی چيز ہے جسے اوپر سنن ہدیٰ کے نام سے بيان کيا گيا ہے۔اس تعريف ميں صرف يہ بات اضافی طور پر بيان کی گئی ہے کہ تاريخی طور پر ان سنن کا آغاز سيدنا ابراہيم ؑ سے ہوا۔يہ سنن ايک دينی روايت کے طور پر حضور کی بعثت سے قبل ہی ان کی اولاد بنی اسرئیل اور بنی اسماعيل ميں موجود تھيں۔ حضور نے اللہ کے حکم سے ان ميں پيدا ہونے والی بدعات کو ختم کيا،بعض چيزوں ميں تبديلی و اضافہ کےا اور کچھ نئی چيزیں جاری کيں۔ تب سے اب تک يہ ہمارے درميان دين کے دوسرے ماخذ کے طور پر موجود ہيں۔

مجیب: Rehan Ahmed Yusufi

اشاعت اول: 2015-11-19

تعاون

ہمیں فالو کریں

تازہ ترین

ماہنامہ اشراق لاہور کا مطالعہ کریں

خبرنامہ کو سبسکرائب کریں

اپنا ای میل پر کریں اور بٹن کو دبائیں

By subscribing you agree with our terms and conditions

Loading