قرآن و حدیث کا باہمی تعلق

45

سوال

آپ لوگوں کا کہنا ہے کہ احادیث کو قرآن کی روشنی میں سمجھنا چاہیے نہ کہ قرآن کو احادیث کی روشنی میں۔ لیکن قرآن میں تو بہت سے معاملات کافی اختصار کے ساتھ بیان ہوئے ہیں جنہیں حدیث کے سہارے کے بغیر نہیں سمجھا جا سکتا ، تو پھر یہ کہنا کیسے صحیح ہو سکتا ہے کہ قرآن کو احادیث کے بغیر سمجھا جا سکتا ہے؟

جواب

ہمارا نقطۂ نظر یہ ہے کہ حدیث کوقرآن کی روشنی میں سمجھاجائے۔ اس پر آپ کایہ اعتراض درست نہیں کہ نماز و زکوٰۃ وغیرہ جیسے احکام کا قرآن کریم میں صرف ذکر ہے اور ان کی تفصیل حدیث میں ملتی ہے ۔ ہم اس معاملے کو جس طرح سمجھتے ہیں اس کے مطابق ان احکام کا ماخذ نہ قرآن ہے اور نہ حدیث ، بلکہ ان کا اصل ماخذ سنت ہے ۔ یہ سنت قرآن ہی کی طرح ہم تک اجماع اور تواتر کے ساتھ منتقل ہوئی ہے اور اس سے ملنے والے احکام اسی طرح یقینی ہیں جس طرح قرآن کریم سے ملنے والے احکام۔

جہاں تک حدیث کا سوال ہے تو یہ سمجھ لیجیے کہ حدیث کی تدوین کاباقاعدہ عمل تیسری صدی میں شروع ہوا۔ حدیث کی پہلی کتاب موطا امام مالک 160 ہجری میں تصنیف ہوئی۔امام بخاری کا انتقال 256 ہجری میں ہوا اورصحیح بخاری اس سے کچھ عرصے پہلے ہی مکمل ہوئی تھی۔امام مسلم کا انتقال 261 ہجری میں ہوا اس طرح صحیح مسلم کی تصنیف کازمانہ بھی تیسری صدی کی نصف اول کا ہوا۔

ایک طرف احادیث کی تدوین کا یہ زمانہ پیش نظر رکھیے اور دوسری طرف یہ حقیقت کہ نماز، روزہ اوران جیسے دیگر احکام پر مسلمانوں نے دوسری یاتیسری صدی میں عمل کرناشروع نہیں کیا تھا۔ان احکام پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے ہی سے پوری امت عمل کر رہی تھی اور اس کے لیے امت نے حدیثوں کے پھیلنے اور ان کی کتابوں کی تدوین کا انتظار نہیں کیا تھا۔ اس وضاحت سے یہ بات بالکل واضح ہے کہ عبادات اور دین کے دیگرعملی معاملات کا انحصاردوسری صدی میں عام ہونے والی حدیثوں پرنہیں ، بلکہ ان احکام پرہے جنہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی زندگی میں بطوردین امت میں جاری کیا اوراس کے بعدہرزمانے کے لوگ لاکھوں اور کروڑ وں کی تعداد میں ان پر عمل کرتے چلے آ رہے ہیں۔ انہی کو ہم سنت سے تعبیرکرتے ہیں

مجیب: Rehan Ahmed Yusufi

اشاعت اول: 2016-01-13

تعاون

ہمیں فالو کریں

تازہ ترین

ماہنامہ اشراق لاہور کا مطالعہ کریں

خبرنامہ کو سبسکرائب کریں

اپنا ای میل پر کریں اور بٹن کو دبائیں

By subscribing you agree with our terms and conditions

Loading