میت پر اظہارِ غم کے حدود

18

سوال

کسی انسان کے مرنے پر جو اظہارِ غم کیا جاتا ہے ، اسلام کے مطابق اس کے کیا حدود ہیں؟

جواب

موت انسانی زندگی کی سب سے بڑ ی لیکن ایک تلخ حقیقت ہے۔ اس لیے جب کبھی انسانوں کا اس سے سامنا ہوتا ہے تو مرنے والے کے لواحقین اور اس کے رشتہ داروں کا غمگین ہونا اور رونا فطری عمل ہے۔ لیکن یہ فطری غم جب نوحے میں تبدیل ہوجائے اور خواتین باقاعدہ بین کرنے لگیں تو یہ چیز فطری حدود سے تجاوز کرجاتی ہے۔ زمانۂ جاہلیت میں اور آج بھی بہت سے مقامات پر مرنے والوں کے لیے بین کرنا ایک باقاعدہ رسم ہے۔ یہ بین اور نوحے عقل ، مذہب اور فطرت ، ہر اعتبار سے قابل مذمت چیز ہیں ، کیونکہ یہ خدا کی ا سکیم ، صبر کے جذبے اور اسلامی تعلیمات کے خلاف ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوۂ حسنہ میں جہاں اور معاملات سے متعلق رہنمائی ملتی ہے وہیں اس معاملہ میں بھی ایک معتدل اور فطری رویہ سامنے آتا ہے۔ چناچہ مشہور واقعہ ہے کہ حضور کے صاحبزادے حضرت ابراہیم کی وفات کے وقت آپ کی آنکھوں سے آنسو بہے ، لیکن یہ فطری غم ایک حد سے آگے متجاوز نہیں ہوا۔ یہ پورا واقعہ روایت میں اس طرح بیان ہوا ہے:

”انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ابو سیف لوہار کے پاس گئے۔ وہ ابراہیم (حضور کے صاحبزادے )کی دایہ کا شوہر تھا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ابراہیم کو اٹھایا ، پھر بوسہ لیا اور سونگھا۔ پھر ہم جب بعد میں دوبارہ اس کے پاس گئے جبکہ ابراہیم حالت نزاع میں تھا تونبی صلی اللہ علیہ وسلم کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔ عبدالرحمن بن عوف نے کہا: اے اللہ کے رسول ، آپ بھی روتے ہیں۔ فرمایا: اے ابن عوف یہ رحمت ہے۔ پھراس کے بعد روئے اور فرمایا: آنکھ آنسو بہا تی ہے ، دل غمگین ہے مگراس کے باوجود ہم وہی بات کہیں گے جس سے ہمارا رب راضی ہو۔ اور ہم اے ابراہیم تیری جدائی کے سبب غمگین ہیں۔” (متفق علیہ بحوالہ مشکوٰۃ: 1722)

موت پر غم اور رونے کو ایک فطری جذبہ قرار دینے کے باجود آپ نے موت پر کیے جانے والے نوحے اور بین کی سختی کے ساتھ مذمت کی ہے:

”عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وہ شخص ہم میں سے نہیں جو اپنے رخسار پیٹے ، گریبان پھاڑ ے اور جاہلیت کا پکارنا پکارے۔” (متفق علیہ بحوالہ مشکوٰۃ: 1725)

ابو بردہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ بے ہوش ہوگئے۔ ان کی بیوی ام عبداللہ چلا کر رونے لگیں۔ وہ جب ہوش میں آئے تو کہا تو جانتی نہیں اور پھر ان کے سامنے یہ حدیث بیان کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں اس سے بری ہوں جو سر کے بال منڈاوائے ، چلا کر روئے اور کپڑ ے پھاڑ ے۔” (متفق علیہ بحوال مشکوٰۃ: 1726)

مجیب: Rehan Ahmed Yusufi

اشاعت اول: 2016-02-14

تعاون

ہمیں فالو کریں

تازہ ترین

ماہنامہ اشراق لاہور کا مطالعہ کریں

خبرنامہ کو سبسکرائب کریں

اپنا ای میل پر کریں اور بٹن کو دبائیں

By subscribing you agree with our terms and conditions

Loading