سوال
ہم کینیڈا میں رہتے ہیں۔ میری بیوی یہ جاننا چاہتیں ہیں کہ آیا نیل پالش کا استعمال جائز ہے یا ناجائز؟
جواب
آپ کی اہلیہ نے جو سوال پوچھا ہے اس کا سادہ جواب تو یہ ہے کہ نیل پالش خواتین کی زینت کی ایک چیز ہے ۔اللہ تعالیٰ نے خواتین کے لیے زینت کو ممنوع قرار نہیں دیا ، بلکہ کچھ حدود و قیود کے ساتھ اس کی اجازت دی ہے ۔اس لیے خواتین بلا تکلف نیل پالش کا استعمال کرسکتی ہیں۔ تاہم عام طور پر خواتین جب نیل پالش سے متعلق سوال کرتی ہیں تو ان کے ذہن میں یہ بات ہوتی ہے کہ آیا نیل پالش لگا کر وضو ہوجاتا ہے؟ ہمارے خیال میں آپ کی اہلیہ نے اصلاً یہی بات دریافت کی ہے۔
اس حوالے سے ایک نقطۂ نظر یہ ہے کہ نیل پالش لگا کر وضو نہیں ہوتا کیونکہ نیل پالش کی وجہ سے ناخنوں تک پانی نہیں پہنچتا ۔ اس لیے نیل پالش لگا نے کے بعد اگر وضو ٹوٹ جائے تو اس کے ساتھ نہ وضو ہو گا اور نہ نماز ہو گی۔
تاہم اس معاملے میں ہمارا نقطۂ نظر ذرا مختلف ہے ۔ وضو بلاشبہ نماز کے شرائط میں سے ہے اور اس کے لیے بعض دیگر اعضا کے ساتھ ساتھ ہاتھ دھونا بھی لازمی ہیں۔ لیکن وضو اور غسل میں بعض رعایتیں خود اللہ تعالیٰ نے دی ہیں ۔ مثلاً کسی عذر کی بنا پر غسل اور وضو کی جگہ تیمم کیا جا سکتا ہے۔ اسی پر قیاس کرتے ہوئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی مردو خواتین دونوں کو کچھ رعایتیں دی ہیں ۔ان کی تفصیل کرتے ہوئے استاذ گرامی جناب جاوید احمد غامدی لکھتے ہیں :
’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تیمم کے اسی حکم پرقیاس کرتے ہوئے موزوں اورعمامے پرمسح کیا(بخاری ، رقم 199، 200، 203 اورمسلم ، رقم272، 275) اورلوگوں کواجازت دی ہے کہ اگرموزے وضوکر کے پہنے ہوں توان کے مقیم ایک شب وروز اورمسافرتین شب و روز کے لیے موزے اتار کرپاؤں دھونے کے بجائے ان پرمسح کرسکتے ہیں( مسلم، رقم 276)۔ اسی طرح غسل کے معاملے میں یہ رخصت بیان فرمائی ہے کہ عورتوں کے بال اگرگندھے ہوئے ہوں توانھیں کھولے بغیراوپرسے پانی بہالیناہی کافی ہے (مسلم، رقم 330) اورغسل جن چیزوں سے واجب ہوتا ہے ، وہ اگربیماری کی صورت اختیارکر لیں توایک مرتبہ غسل کر لینے کے بعد باقی نمازیں اس کے بغیربھی پڑ ھی جا سکتی ہیں ، (بخاری، رقم300)‘‘
(میزان ، باب قانون عبادات ، نماز کے شرائط ، ص 287)
ہمارا نقطۂ نظر یہ ہے کہ انھی چیزوں پر قیاس کرتے ہوئے آج خواتین کو یہ رعایت دی جا سکتی ہے کہ ایک دفعہ وضو کر کے نیل پالش لگالیں اور حضور کی دی ہوئی رعایت کے مطاق مسافر ہوں تو تین شب و روز اور مقیم ہوں تو ایک دن اور رات تک نیل پالش کے ساتھ وضو کر کے نماز ادا کرتی رہیں ۔
مجیب: Rehan Ahmed Yusufi
اشاعت اول: 2016-01-22