سوال
اسلام میں خواتین کے لیے پردے کے احکام بہت سخت ہیں۔ آپ کیا سمجھتے ہیں کہ ہم دنیا کی تمام مسلم خواتین پر ان احکام کا نفاذ کس طرح کر سکتے ہیں؟
جواب
آپ نے اپنے سوال میں دو نکات اٹھائے ہیں: ایک یہ کہ مسلم خواتین کے لیے پردہ کے احکام بہت سخت ہیں اور دوسرا یہ کہ آج کی دنیا میں ہم تمام مسلم خواتین پر ان احکام کو کس طرح نافذ کریں۔ پہلی بات کے جواب میں ہم عرض کریں گے کہ اسلام کا کوئی بھی حکم سخت نہیں بشمول پردے کے احکام کے۔ آپ چاہیں تو ان کی تفصیل استاذ گرامی جاوید احمد غامدی صاحب کی کتاب میزان کے باب قانون معاشرت میں ملاحظہ فرمالیں۔ وہاں یہ آپ کو پردے کے نام سے نہیں ، بلکہ مرد وزن کے اختلاط کے آداب کے نام سے ملیں گے۔ آپ ان کا مطالعہ کیجیے اور اگر ان پر کوئی سوال پیدا ہو یا وہ بھی آپ کو’بہت سخت‘ محسوس ہوں تو ضرور بتائیے۔ دوسری بات یہ کہ ان احکام کو دنیا بھر کی خواتین پر نافذ کرنا ہماری نہیں ، بلکہ خود ان کی اپنی ذمہ داری ہے۔ ہماری ذمہ داری مردوخواتین دونوں کے سامنے دین کے تمام احکام کو بلا کم و کاست بیان کرنا اور ان میں ایمان کا وہ جذبہ پیدا کرنے کی کوشش کرنا ہے جس کے نتیجے میں وہ اللہ تعالیٰ کے احکام کو اپنی زندگی میں اختیار کر لیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے پورا کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔آمین
مجیب: Rehan Ahmed Yusufi
اشاعت اول: 2016-01-23