سوال
میری بیوی کے ناخن بہت لمبے ہیں۔ میں نے کئی مرتبہ ان سے کہا کہ ان کو کاٹ دو، لیکن وہ کہتی ہے کہ تم مجھے چھوڑ دو، لیکن میں ناخن ہر گز نہیں کاٹوں گی؟
جواب
دیکھیے یہ بات صحیح ہے کہ بڑے ناخن رکھنا دین و شریعت میں جائز نہیں ہے۔ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو ممنوع قرار دیا ہے، لیکن ایک غلط کام ہو رہا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کوئی سخت رویہ اختیار کریں۔ آپ اپنی بات سلیقے کے ساتھ، محبت کے ساتھ کہتے رہیں۔ یہ رویہ مناسب نہیں ہے کہ آپ ہر وقت یہی بات کرتے رہیں، جب موزوں موقع دیکھیں، تب بات کریں۔ اگر محسوس ہو کہ اس طرح سے بات سمجھ میں نہیں آ رہی تو ان کے اندر دین کا عام ذوق پیدا کیجیے۔ انھیں قرآن سے متعلق کیجیے۔ پیغمبر سے متعلق کیجیے۔ پھر آپ سے آپ دین کے اثرات ہوں گے۔
ایک بات بہت اچھی طرح سمجھ لیجیے کہ ہمارے ہاں لوگ یہ خیال کرتے ہیں کہ جہاں غلطی ہو رہی ہے، اسے براہِ راست نشانہ بنایا جائے، جبکہ انسان کی نفسیات ایسی ہے کہ بعض اوقات یہ چیز منفی اثرات پیدا کرتی ہے۔ لہٰذا اس وقت آپ اصلاح کا بالواسطہ طریقہ اختیار کریں۔ اپنے مخاطب کا ذوق، مزاج اور اس کے رجحانات کو بدلنے کی کوشش کریں۔ اس کے بعد یہ خامیاں آپ سے آپ درست ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے دعوت کے بارے میں فرمایا ہے کہ آپ حکمت و دانائی اور دانش مندی کے ساتھ بات کریں۔ اپنی اہلیہ کے ساتھ صحیح رویہ اختیار کر کے اس کے لیے اصلاح کے مواقع پیدا کریں۔
مجیب: Javed Ahmad Ghamidi
اشاعت اول: 2015-06-21