سوال
قضا نماز اور سادہ نماز پڑھنے ميں کیا فرق ہے؟
جواب
قضا نماز اور سادہ نماز پڑھنے ميں کوئي خاص فرق نہيں ہے۔ چند باتوں کو نوٹ رکھيں
1۔ قضا نماز دراصل اس ليے پڑھي جاتي ہے کہ نماز چھوٹ جانے سے جو مجھے گناہ ہوا ہے اس کي ميں توبہ کر رہا ہوں اور اس کي تلافي کے ليے قضا نماز بھي پڑھ رہا ہوں۔
2۔ قضا نماز ميں صرف فرض پڑھے جاتے ہيں۔
3۔ اگر آپ ايک دو سے زيادہ قضا نمازيں پڑھنا چاہتے ہيں مثلا اگر آپ کي دو سال کي نمازيں رہتي ہيں تو اس ميں آپ دو طريقے اختيار کر سکتے ہيں
طريقہ نمبر 1: خدا کے حضور توبہ کريں اور اپنے اس گناہ کي معافي مانگيں اور خدا سے پکا عہد باندھيں کہ اب ايسا نہيں کريں گے۔
طريقہ نمبر 2: آج سے آپ حساب کريں کہ اگر ميں آج سے ہر روز اپني قضا نمازيں پڑھنا شروع کروں اور ہر نماز کے ساتھ پچھلي ايک قضا نماز پڑھ لوں تو ميري تمام قضا نمازيں ٹھیک دوسال بعد ادا ہو جائيں گي۔ اس ميں آپ يہ بھي کرسکتے ہيں کہ جب آپ قضا نماز ادا کريں تو اس نماز کے نوافل چھوڑ کر قضا نماز ادا کرليں۔ مثلا ظہر کے آپ چار فرض موجودہ نماز کے اور چار فرض قضا نماز کے پڑھ سکتے ہيں۔
مجیب: Sajid Hameed
اشاعت اول: 2015-10-04







