سوال
سنگین گناہ کی معافی کب تک مانگنی چاہیے، کیا کبیرہ گناہوں کی معافی تمام عمر مانگتے رہنا چاہیے، اور یہ کب اور کیسے معلوم ہو کہ اللہ تعالیٰ نے معاف کر دیا ہے ؟
جواب
اپنے کبیرہ گناہوں کی معافی تمام عمر مانگتے رہنا چاہیے ۔ نہ صرف معافی مانگتے رہنا چاہیے ، بلکہ اس کے ساتھ ساتھ تلافی کرنے کی کوشش بھی کرتے رہنا چاہیے۔ گناہوں کی معافی کے لیے ریاضتیں یا چلے درکار نہیں ہیں ، فقط سچے دل سے اللہ تعالیٰ سے معافی کا خواست گار ہونا کافی ہے۔ اس کے لیے اللہ تعالیٰ نے نماز کی صورت میں نہایت اچھا اہتمام کر دیا ہے۔ہر نماز کے آخر پر دعا و مناجات کے ذریعے سے گناہوں پر توبہ کی جا سکتی ہے۔ مزید یہ کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے صحابہ کرام سے منسوب اذکار سے دعا مانگنے کا سلیقہ سیکھا جا سکتا ہے ، کیونکہ ان میں سب گناہوں کی معافی کے لیے نہایت جامع کلمات ہیں۔
مجیب: Javed Ahmad Ghamidi
اشاعت اول: 2015-06-20