سوال
لوگ کہتے ہیں کہ عورت اور مرد برابر نہیں ہیں، اس کی تائید میں وہ قرآن مجید کی وہ آیت پیش کرتے ہیں جس میں مرد کوقوام قرار دیا گیا ہے۔ قوام سے کیا مراد ہے؟
جواب
بطور انسان سب برابر ہیں۔ جس طرح معاشرے میں صلاحیت ،
تعلیم اور حیثیت سے حقوق و فرائض میں فرق واقع ہو جاتا ہے ، اسی طرح
خاندان میں بھی یہ فرق واقع ہوتا ہے۔ بطور انسان اولاد اور والدین بھی
برابر ہیں،لیکن حیثیت اور مرتبے میں اولاد پر والدین کو فوقیت حاصل ہے اور
دین میں بھی یہ فوقیت قائم رکھی گئی ہے۔بطور انسان عوام اور حکمران بھی
برابر ہیں ، لیکن حکمرانوں کو عوام پر ایک فوقیت حاصل ہے اور دین میں بھی
یہ فوقیت قائم رکھی گئی ہے۔ اسی طرح جب دو مرد و عورت میاں بیوی بن کر رہنے
کا فیصلہ کرتے ہیں تو ان میں سے مرد (شوہر) کو برتر حیثیت حاصل ہے۔ دین
میں بھی یہ حیثیت مرد (شوہر) کو دی گئی ہے اور اس کی وجہ سمجھنا کچھ مشکل
نہیں ہے۔ یہ ایک انتظامی حیثیت ہے۔ اس کو سمجھنے اور ماننے میں گھر کی
زندگی کی ترقی اور سکون کا راز مضمر ہے۔
مجیب: Talib Mohsin
اشاعت اول: 2015-08-03