سوال
خشکی اور پانی کے کچھ جانور حلال نہیں ہیں، ان کی تخلیق کا کیا مقصد ہے؟
جواب
اللہ تعالیٰ نے یہ دنیا صرف کھانے کے لیے نہیں بنائی، بلکہ اپنی تخلیقی فعالیت کے ظہور کے لیے بنائی ہے۔ اس میں ہماری جمالیات کی تسکین کا سامان پیدا کیا ہے۔ اس میں خدا کی تخلیقی فعالیت کا ظہور ہوا ہے۔ اس کے ذریعے سے اللہ کی صفات ہمارے سامنے آتی ہیں۔ اس دنیا میں ہمیں جو بے شمار مخلوقات نظر آتی ہیں، یہ خدا تعالیٰ کے بارے میں ہمیں ایک تصور دیتی ہیں کہ وہ خالق کیسا ہو گا، اس کی تخلیق میں کیسا تنوع ہے، کیسی جدت ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں species(انواع)ہیں جو دنیا کے اندر خدا نے پیدا کر دی ہیں۔بقول شیخ سعدی: ‘ہر ورقش دفتریست معرفت کرد گار’۔(ہر پتے میں خدا کی معرفت کی ایک دنیا ہے ) اصل میں تو یہ ساری کی ساری کائنات اس طرح پیدا کی گئی ہے کہ اس کے ذریعے سے آپ اپنے پروردگار کی معرفت حاصل کریں، کجا یہ کہ انسان اس کو صرف کھانے کی چیز سمجھ لے۔
مجیب: Javed Ahmad Ghamidi
اشاعت اول: 2015-06-20