سوال
میرا ایک دوست ہے جو کہ فوٹو گرافر ہے۔ وہ ماڈلز کی تصویریں بھی لیتا ہے اور فیشن شوز میں جا کر بھی تصویریں لیتا ہے۔ اب ایک صاحب کا اعتراض ہے کہ میرے اس دوست کے گھر کا پانی پینا بھی جائز نہیں ہے کیوں کہ وہ حرام کی کمائی کماتا ہے۔ برائے مہربانی رہنمائی فرمائیے کہ کیا شریعت میں اس طرح کی کمائی حرام ہے یا حلال؟
جواب
کوئی بھی کام جس میں بے حیائی اور عریانی شامل ہو، شریعت کی نظر میں ممنوع ہے۔ فوٹو گرافی کا بھی یہی حکم ہے۔ البتہ کسی کی کمائی کو بالکل حرام کہنا اتنا آسان نہیں ہے۔ خاص طور پر جب کوئی ملازمت کسی معاشرہ میں بہت عام ہو اور بہت بڑی تعداد میں لوگوں کا روزگار اس سے وابستہ ہو۔ شریعت ایسے معاملات میں لوگوں کی مجبوری کا لحاظ رکھتی ہے۔ ہاں اگر کوئی شخص تقوٰی اور احتیاط کے طور پر ایسے آدمی کی کمائی سے پرہیز کرے تو یہ درست ہے، لیکن کوئی عمومی فتویٰ لگانے سے گریز کرنا چاہیے۔ واللہ اعلم۔
مجیب: Ammar Khan Nasir
اشاعت اول: 2015-10-11