ذوالحج کے پہلے نو دنوں کے روزے رکھنا

17

سوال

حدیث سے یہ بات تو واضح ہے کہ عشرۂ ذو الحج میں کوئی بھی عملِ صالح علی العموم اہمیت وفضیلت رکھتا ہے ۔ لیکن احادیث کی روشنی میں کیا یہ بات پایۂ ثبوت کو پہنچتی ہے کہ ذو الحج کے پہلے نو دنوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خاص اہتمام سے روزے رکھا کرتے تھے ، جیساکہ عام طور پر اِس بات کو شہرت حاصل ہے ۔

جواب

اِس موضوع سے متعلق احادیثِ باب کا استقصا کر کے ہم جب دقتِ نظر کے ساتھ اُن کا علمی تجزیہ کرتے ہیں تو دو طرح کی روایات ہمارے سامنے آتی ہیں :

ایک وہ احادیث جن میں یہ بات روایت کی گئی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم ذو الحج کے پہلے نو دن خاص اہتمام سے روزے رکھا کرتے تھے ، یا اُنہیں کبھی ترک نہیں کیا کرتے تھے ۔ اِس مضمون کی احادیث مسند احمد (رقم: 22388, 26511, 27416) ابوداود (رقم:2437) اور نسائی (رقم:2416,2417,2418) میں نقل ہوئی ہیں،تاہم تحقیقِ سند کے معیارات اور علماے محققین کے اِن روایتوں پر کیے گئے کلام کی رو سے اِس مضمون کی کوئی ایک روایت بھی درجۂ صحت کو نہیں پہنچتی۔اِس کی بعض ضعیف؛بعض نہایت ہی کمزور اور بعض سند اور متن،دونوں ہی اعتبارات سے معلول اور ناقابل استدلال ہیں ۔ چنانچہ اِس درجے کی روایتوں کی بنیاد پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نسبت سے یہ عمل ثابت نہیں ہوتا۔اِن احادیث کے بارے میں یہی رائے عصرِ حاضر کے مندجہ ذیل علما ومحققین کی ہے :

شیخ عبد العزیز بن عبد اللہ بن باز

شیخ محقق شعیب الارناؤوط

شیخ محدث عبد اللہ بن عبد الرحمن آل سعد

شیخ ابو محمد الالفی

شیخ عمر بن عبد اللہ المقبل

اِس موضوع سے متعلق دوسرے وہ احادیث ہیں جن میں صراحت کے ساتھ یہ بات بیان ہوئی ہے کہ عشرۂ ذو الحج میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے روزوں کا کبھی کوئی اہمام نہیں کیا یا اِن ایام میں آپ کو روزے کی حالت میں کبھی نہیں دیکھا گیا۔(مسند احمد ، رقم:24193,24970,25607 ۔ مسلم ، رقم:1176۔ ابوداود،رقم:2439۔ترمذی،رقم:756۔ابن ماجہ،رقم:1415)

سند کے اعتبار سے یہ احادیث اہل علم کے نزدیک درجۂ صحت کو پہنچی ہوئی اور قابل حجت ہیں ۔ اِن میں سند ومتن کے لحاظ سے کوئی علت یا کمزوری نہیں ہے ۔

چنانچہ اِس تمام تر تفصیل سے علمی طور پر یہ بات واضح ہوتی ہے کہ ذو الحج کے پہلے نو دنوں میں بالخصوص نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا روزے رکھنا اور اِس کا خاص اہتمام کرنا قطعاً ثابت نہیں ہوتا۔

مجیب: Muhammad Amir Gazdar

اشاعت اول: 2015-10-18

تعاون

ہمیں فالو کریں

تازہ ترین

ماہنامہ اشراق لاہور کا مطالعہ کریں

خبرنامہ کو سبسکرائب کریں

اپنا ای میل پر کریں اور بٹن کو دبائیں

By subscribing you agree with our terms and conditions

Loading