ہم کون ہیں؟

34

سوال

میرا سوال یہ ہے کہ ہم کون ہیں؟ میں کچھ احادیث کا مفہوم بیان کرتا ہوں۔ ١۔ وہ مسلمان نہیں جس کے ہاتھ اور زبان دوسرے مسلمانوں کو تکلیف پہنچائے۔٢۔ مومن سب کچھ ہو سکتا ہے مگر جھوٹا نہیں ہو سکتا۔ ٣۔ جو دھوکا دے وہ ہم میں سے نہیں۔ ٤۔ عصبیت کی بنیاد پر لڑنے یا مرنے والا بھی مسلمان نہیں۔ ان احادیث کی روشنی میں بتائیے کہ انسانی معاشرہ میں ہماری حیثیت کیا ہے؟ اور حقیقت میں ہماری پہچان کیا ہے؟

جواب

آپ کے سوال سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ آپ کی بیان کردہ احادیث میں ایک بہترین مسلمان کا جو نقشہ کھینچا گیا ہے اسے مسلمانوں کی عملی زندگی میں نہ پاکر آپ الجھن کا شکار ہیں۔ جو احادیث آپ نے بیان کی ہیں نہ صرف وہ بلکہ قرآن مجید اور دیگر احادیث کے مطالعے سے بھی یہی بات سامنے آتی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک اخلاقی معاملات بہت زیادہ اہمیت کے حامل ہیں۔ قرآن میں جگہ جگہ اس حقیقت کو بیان کیا گیا ہے اور تقریباً دو درجن مقامات پر اللہ تعالیٰ نے نقشہ کھینچ کر یہ بتایا ہے کہ ان کے مطلوب انسان کی بنیادی صفت ہی یہی ہوتی ہے کہ وہ تنہا ایک اللہ کی عبادت کرنے والا اور اس کے بندوں کی خیرخواہی کرنے والا ہوتا ہے۔ ہمارے ہاں بدقسمتی سے اگر صورت حال یہ نہیں ہے تو اس کا سبب یہ ہے کہ ہمارے ہاں جب دین کو بیان کیا جاتا ہے تو قرآن و حدیث کے اس مطلوب انسان کی صفات کے بجائے بعض دیگر صفات کو بنیادی اہمیت کی حامل قرار دے کر لوگوں کے سامنے پیش کیا جاتا ہے۔ حالانکہ ان میں سے بہت سی چیزیں دین کے مطالبات میں شامل ہی نہیں اور اگر ہیں بھی تو ثانوی حیثیت رکھتی ہیں۔

اس صورت حال کے خاتمے کا طریقہ یہ نہیں ہے کہ ہم مایوس اور بے عمل ہوکر بیٹھ جائیں بلکہ ہمیں پوری قوت کے ساتھ دین کی حقیقی تعلیمات اور مطالبات کو لوگوں کے سامنے رکھتے رہنا چاہیے۔ آج یہ بات اجنبی ہے لیکن زیادہ وقت نہ گزرے گا کہ لوگوں پر یہ حقیقت واضح ہوجائے گی۔ جس کے بعد انشاء اللہ لوگوں کا رویہ بدلے گا اور معاشرے میں ایمان و اخلاق کی مطلوب صفات کے حامل لوگوں کا غلبہ قائم ہوجائے گا۔

اس جواب کے کسی پہلو کے حوالے سے اگر کوئی بات مزيد وضاحت طلب ہے توآپ بلا جھجک ہم سے رابطہ کريں۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ جو بات درست ہے اسے ہمارے دلوں ميں راسخ فرمادے اور ہماری غلطيوں کو معاف فرماکر صحيح بات کی طرف ہماری رہنمائی فرمائے،آمين

مجیب: Rehan Ahmed Yusufi

اشاعت اول: 2015-12-29

تعاون

ہمیں فالو کریں

تازہ ترین

ماہنامہ اشراق لاہور کا مطالعہ کریں

خبرنامہ کو سبسکرائب کریں

اپنا ای میل پر کریں اور بٹن کو دبائیں

By subscribing you agree with our terms and conditions

Loading