سوال
ميرا سوال سيد قطب شہيد كے بارے ميں ہے۔ ميں يہ جاننا چاہا ہوں كہ وہ راہ حق پر تھے؟
جواب
یہ ہمارے استاذ جناب جاوید احمد غامدی صاحب کی تربیت ہے جس کی بنا پر ہم شخصیات سے متعلق پوچھے گئے سوالات کا جواب نہیں دیتے۔ شخصیت پر کلام کرنا اور اس کے صحیح و غلط ہونے کا فیصلہ کرنا صرف اللہ تعالیٰ کا حق ہے۔ اس لیے بہتر ہوگا کہ آپ سید قطب کے صحیح یا غلط ہونے کے بجائے ان کے کام کے کسی پہلو کے حوالے سے ہم سے سوال کیجیے۔ ہم قرآن و سنت کی روشنی میں اس کا جواب دینے کی کوشش کریں گے۔
جہاں تک آپ کے دوسرے سوال کا تعلق ہے کہ ان کی پیروی ہونی چاہیے یا نہیں۔ اس کے جواب میں ہم عرض کریں گے کہ پیروی ہمیشہ اللہ اور اس کے رسول ہی کی ہونی چاہيے۔ باقی اہل علم قرآن و سنت کی روشنی میں اپنا نقطہ نظر پیش کرتے ہیں جس میں خطا و صواب دونوں کا احتمال پایا جاتا ہے۔ ہمیں اس کا جائزہ قرآن و سنت کی روشنی میں لینا چاہیے۔ جو چیز ان کے مطابق محسوس ہو اسے اختیار کرلینا چاہیے اور جس چیز پر اطمینان نہ ہو اس کے لیے دیگر اہل علم سے رجوع کرنا چاہیے۔ ہماری درخواست ہے کہ آپ سید قطب شہید کے کام کا اسی پہلو سے مطالعہ کیجیے۔ ان کے افکار کے جس پہلو کو آپ قرآن و سنت کے مطابق پائیں اسے اختیار کرلیجیے، ورنہ جس دوسرے عالم پر آپ کا اعتماد ہواس کی رائے کو اختیار کرلیجیے۔
مجیب: Rehan Ahmed Yusufi
اشاعت اول: 2016-01-04







