مسلمان مرد وعورت پر غسل کب لازم ہوتا ہے؟

22

سوال

غسل انسان پر کس حالت میں فرض ہوجاتا ہے ؟ کیا احتلام کی صورت میں غسل فرض ہوجاتا ہے ؟ ہم نماز غسل کے بعد ہی پڑھ سکتے ہیں یا پھر یہ کہ جسم کے آلودہ اعضا کی صفائی اور کپڑوں کی تبدیلی کے بعد بھی نماز پڑھی جاسکتی ہے ؟ اور بعض دفعہ پیشاب کے بعد کچھ قطرے نکل آتے ہیں،کیا اس صورت میں بھی غسل فرض ہوجاتا ہے۔ اسلام کیا کہتا ہے ؟ قرآن وحدیث کی روشنی میں بتائیں۔

جواب

قرآن سنت کی روشنی میں مسلمان مردوں اور عورتوں پر مندرجہ ذیل تین صورتوں میں غسل لازم ہوتا ہے:

1۔ انزال کی صورت میں۔یعنی مرد یا عورت کی شرمگاہ سے بغیر کسی مرض کے، شہوت کے ساتھ منی کا نکلناغسل کو لازم کردیتا ہے، خواہ مرد وعورت کی باہم مجامعت ہو یا نہ ہو۔

2۔ مجامعت کی صورت میں۔یعنی جب مرد اپنی شرمگاہ کو عورت کی شرمگاہ میں داخل کردے تو اُس صورت میں بھی دونوں پر غسل لازم ہوجاتا ہے، خواہ انزال ہو یا نہ ہو۔اِن دونوں ہی طرح کے غسل کو اصطلاح میں’ ‘غسل جنابت” کہتے ہیں۔

3۔ حیض ونفاس کے بعد۔یہ صورت ظاہر ہے کہ عورتوں کے ساتھ خاص ہے۔وہ حیض سے فارغ ہوں یا نفاس سے؛دونوں ہی صورتوں میں اُن پر غسل لازم ہوتا ہے۔

تاریخی شواہد سے معلوم ہوتا کہ اِن تینوں صورتوں میں غسل کا حکم بحیثیت ایک سنت کے، انبیا علیہم السلام کے دین میں ہمیشہ سے رہا ہے۔قرآن مجید میں بھی اِس کا تذکرہ اور تاکید موجود ہے (النساء٤ :٤٣۔البقرۃ ٢ :٢٢)۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث میں اِس کا حکم دیکھ لیا جاسکتا ہے (بخاری، رقم:٢٩١۔مسلم،رقم:٣٤٣،٥٢٥۔ابو داود،رقم:٢٠٩)۔

اِن بنیادی معروضات کے بعداب ہم اگر مذکورہ بالا سوال کا تجزیہ کریں تویہ بات واضح ہے کہ احتلام کی ہر اُس صورت میں مرد وعورت پر غسل لازم ہوگا جس میں اوپر بیان کی گئی ‘انزال’ کی شرط پوری طرح پائی جائے۔ جن صورتوں میں ایک مسلمان مرد یا عورت پر غسل لازم ہوتا ہے اُن میںبغیرغسل کے نماز قطعاً نہیں پڑھی جاسکتی۔اِس کی اجازت بہرحال غسل کے بعد ہی حاصل ہوتی ہے۔پیشاب کے بعد شرمگاہ سے کچھ قطروں کا نکل آناکسی طرح بھی غسل کو لازم نہیں کرتا۔اِس صورت میں قطرے اگر واقعی نکلے ہیں تو شرمگاہ اور کپڑے کے آلودہ حصے کی صفائی کرکے محض نیا وضو کرنا ہوگا۔لیکن پہلے قطروں کے نکلنے کا یقین ہونا چاہیے۔ کیوں اکثر لوگ اِس طرح کے وہم میں بھی مبتلا دکھائی دیتے ہیں۔اور وہم اگر ہے تو ظاہر ہے کہ وضو بھی نہیں ٹوٹا۔چنانچہ اُس صورت میں نئے وضو کی ضرورت بھی نہیں ہے۔

مجیب: Muhammad Amir Gazdar

اشاعت اول: 2015-10-18

تعاون

ہمیں فالو کریں

تازہ ترین

ماہنامہ اشراق لاہور کا مطالعہ کریں

خبرنامہ کو سبسکرائب کریں

اپنا ای میل پر کریں اور بٹن کو دبائیں

By subscribing you agree with our terms and conditions

Loading