سوال
جو شخص عربی نہیں جانتا کیا وہ اردو ترجمے کے ساتھ قرآنِ مجید کا مطالعہ کرسکتا ہے؟ اور کیا بغیر استاد کے اردو ترجمے کے ساتھ قرآن کا مطالعہ کیا جا سکتا ہے؟ آپ کے خیال میں اردو میں قرآن کی کون سی تفسیر زیادہ اچھی ہے ؟
جواب
اگر آپ عربی نہیں جانتے تواردو زبان میں قرآن کریم کا مطالعہ کرنا ہی وہ ذریعہ ہے جس سے آپ اپنے پروردگار کی ہدایت کو براہ راست جان سکتے ہیں ۔آپ کسی استاد کے بغیر قرآن کریم گھر میں پڑ ھ سکتے ہیں ۔ اس ضمن میں تمام نمائندہ اہل علم جن کا قرآن پاک کے علوم پر ایک خاص نقطۂ نظر ہے ، ان کی تفاسیر اردو میں موجود ہیں ۔ قرآن کریم پڑھتے ہوئے جہاں کہیں کوئی مشکل اور الجھن پیش آئے ا ن تفاسیر کا تقابلی مطالعہ کر لیجیے ، آپ کی الجھن دور ہوجائے گی۔ ان نمائندہ تفاسیر میں مولانا امین احسن اصلاحی کی تدبر قرآن، مولانا مودودی کی تفہیم القرآن، مفتی شفیع صاحب کی معارف القرآن شامل ہیں ۔ آخری تفسیر جو قدیم مفسرین کے طرزپر لکھی گئی وہ ’معارف القرآن ‘ہے ، اسی نوعیت کی ایک مختصر تفسیرش مولانا شبیر احمد عثمانی نے بھی لکھی ہے ، جو ایک جلد میں قرآن کریم کے حاشیہ پر شائع ہوئی ہے ۔ آپ سہولت کے لیے معارف القرآن کی جگہ اس کا مطالعہ بھی کرسکتے ہیں۔
استاذِ محترم جناب جاوید احمد غامدی صاحب بھی البیان کے نام سے قرآن کا ترجمہ مع مختصر حواشی لکھ رہے ہیں۔ ان کا کام ابھی زیرِ طبع ہے۔ آپ کو مطلع کر دیا ہے تاکہ آپ جب ممکن ہو اس کا بھی مطالعہ کر سکیں۔
مجیب: Rehan Ahmed Yusufi
اشاعت اول: 2016-01-18